نئی دہلی،26؍اپریل(ایس او نیوز؍یو این آئی) دہلی حکومت نے قومی راجدھانی میں لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی ڈھیل نہیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہیں اسی کے مطابق رہائشی علاقوں میں ایک دکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نے میڈیا سے کہا کہ وزارت داخلہ نے رہائشی علاقوں کی جن اکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے، دہلی حکومت صرف ان کی ہی اجازت دے گی۔ ریڈ زون علاقہ میں ان کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا 27اپریل کو جائزہ لیا جائے گا۔ دہلی میں شاپنگ مال اور تھوک بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ کچھ وقت سے کورونا وائرس کے مریضو ں کی تعداد کم ہوئی ہے اور گزشتہ ہفتہ 622 مریض آئے۔ کافی تعداد میں مریض ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ اموات بھی کم ہوئی ہیں۔ دہلی میں کورونا کے 2625 مریض ہیں جبکہ 54 کی موت ہوئی ہے۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ خود ایک ایک مریض پر نظر رکھ رہے ہیں۔ ایک ایک شخص کی جان قیمتی ہے۔ مشکل وقت ہے اور سب کو مل کر ساتھ چلنے کی ضرورت ہے جس محنت سے کورونا پر کنٹرول میں مدد ملی ہے اسے آئندہ بھی قائم رکھنا ہے۔ انہو ں نے کورونا سے ٹھیک ہوئے لوگوں سے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرے متاثرین کی جان بچانے میں کارگر نظر آرہا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ ایل این جے پی میں کورونا سے سنگین طور پر بیمار مریض کو پلازمہ دینے سے اس کی حالت میں بہتری آئی ہے۔ اس کے مدنظر جو مریض ٹھیک ہوئے ہیں وہ پلازمہ دینے کے لئے آگے آئیں، جس سے دیگر مریضوں کا علاج کرنے میں مدد ملے۔